پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ ہاکی الیون کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے۔ ٹیم 12کے بجائے 19 جنوری کو کراچی میں پہلا میچ کھیلے گی۔ لاہور میں پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر ( ر) خالد سجاد کھوکھر نے ورلڈ ہاکی الیون کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
اس موقع پر سیکرٹری شہباز سینئر اور بریگیڈیئر ( ر) ساجد حمید بھی موجود تھے۔ نئے شیڈول کے مطابق پہلا میچ انیس جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا میچ 21 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ الیون اٹھارہ جنوری کو کراچی پہنچے گی جس میں ہالینڈ، اسپین، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بلجیم ، ملیشیاء اور جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستان کے سہیل عباس بھی شامل ہوں گے ۔
ہال آف فیم میں پانچ کھلاڑی پینلٹی کارنر اسپیشلسٹ فلورنس جان بوولینڈر، پال لیجن، کرسچن بلنک، ڈان پرائر اور رکی چارلس ورتھ شامل ہوں گے ۔ پاکستان کی جانب سے اصلاح الدین ، حسن سردار، شہناز شیخ، اختر رسول اور شہباز سینئر کو ایوارڈ دیا جائے گا۔
خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ فیڈریشن پر لگائے جانے والے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، ہم پہلے ہی حکومت سے آڈٹ کرانے کی درخواست کرچکے ہیں۔
ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سکیورٹی کلیئرنس دے چکی ہیں ۔ میچز کیلئے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو بھی دعوت دی جائے گی۔