سکھر (بیورو رپورٹ/چوہدری محمد ارشاد) 64 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ مقابلے جاری ہیں۔ تین سال تک مسلسل چیمپئن رہنے والی پی آئی اے کی پرواز اس بار کریش کرگئی، اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ فائنل راؤنڈ کے دونوں گروپس کے ایک ، ایک میچز باقی ہونے کے باعث آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔ چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ کے میچ میں نیشنل بینک نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو 4-1 سے شکست دے دی ۔ پی آئی اے کی ٹیم طویل عرصے بعد سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کر سکی جبکہ اس کے برعکس پاکستان نیوی کی ٹیم نے ابتدا ہی سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا خاص طور پر فائنل راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن پی آئی اے کو شکست دی اور سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان نیوی، نیشنل بینک ، پاکستان واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرجائیں گی ۔