لاہور(نمائندہ جنگ)مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی حب الوطنی کا احترام کرے ۔عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ عوامی مطالبات کو فی الفورمنظور کرتے ہوئے فوری طور پر ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کرے۔ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں اور مملکت خداداد پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ہمیشہ سے استحکام پاکستان کیلئے قربانیاں دیتے آئے ہیں۔یہاں کے عوام کی حب الوطنی کسی سے پوشیدہ نہیں لیکن بد قسمتی سے علاقے کے عوام کو ستر سالوں سے پسماندہ رکھا گیا ہے اور آئینی حقوق کا تعین نہ ہوسکا ہے۔ جو کہ علاقے کے عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گلگت بلتستان سے آئے وفود اور سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاعلاقے کے عوام کی حالیہ انٹی ٹیکس موومنٹ کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھرپور حمایت کرتی ہے ۔