سکھر (بیورو رپورٹ/چوہدری محمد ارشاد)64 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان نیوی، نیشنل بینک آف پاکستان، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان واپڈا نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پی آئی اے کے بعد کسٹم کی ٹیم بھی باہر ہوگئی۔ لاسٹ فور مرحلے کے میچز 30 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل پاکستان نیوی اور نیشنل بینک آف پاکستان جبکہ دوسراپاکستان واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جمعرات کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پی آئی اے نے پنجاب 5-1 سے شکست دی۔ پی آئی اے کی جانب سے ناصر احمد، شفقت رسول نے 2،2 جبکہ محمد علی نے ایک گول کیا۔ پنجاب کا واحد جہانگیر نے کیا۔دوسرے میچ میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کے پی کے کو 9-1 سے شکست دی۔ سوئی ناردرن کی جانب سے غلام عباس نے 3، سمیع اللہ، ایوب نے 2،2 جبکہ داؤد اور رانا وحید نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ کے پی کے کا واحد گول سفیان خان نے بنایا۔ ادھرپاکستان نیوی اور فوجی فرٹیلائیزر کمپنی کا مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔