• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، احسن اقبال

War Against Terrorism Will Continue Ahsan Iqbal

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی مذہب کے دشمن نہیں، انسانیت کے دشمن ہیں،فرار دہشت گرد مغربی سرحد سے دوبارہ ملک میں داخل ہوکر دہشت گردی کررہے ہیں،ابھی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

وزیر داخلہ نے وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف کے ساتھ کوئٹہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے میتھوڈسٹ چرچ کا دورہ کا اور عمارت کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔

دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چرچ ہی نہیں، مسجدوں، درگاہوں، بازاروں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن بلوچستان میں کارروائیاں کرکے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے،آفاقی مذاہب امن، سلامتی اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں،ہمارا فرض ہے پاکستان میں امن ، استحکام ، بھائی چارے کو فروغ دیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک میں عدم استحکام کا فائدہ دشمنوں کو ہوگا،انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ خود کو پاکستان میں محفوظ سمجھیں ۔

اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جو جانیں ضائع ہوچکیں ان کی تلافی یا بدل نہیں ہے،چرچ کی بحالی کریں گے ،زخمیوں کے علاج کے لیے ہدایات بھی دی ہیں ۔

سردار یوسف نے کہا کہ 17 دسمبر کو ہونے والے افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کریں کم ہے،مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے یہاں پہنچے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں وہ انسان دشمن ہیں،یہ ہماری اخلاقی، انسانی اور مذہبی ذمہ داری ہے کہ زیادتی کے شکار افراد سے یک جہتی کا اظہار کریں۔

واضح رہے کہ 17دسمبر کو کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع گرجا گھر پر خودکش حملے اور فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 9افراد جاں بحق اور56زخمی ہوگئے تھے۔چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی کہ دہشت گردوں نے حملہ کیا ‘سیکورٹی فورسز نے کاروائی کرتے ہوئے ایک بمبار کو مرکزی دروازے کے قریب ہی مار دیا جبکہ دوسرے خودکش حملہ آور نے چرچ کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

تازہ ترین