بہاول پور کے نجی کلینک میں مبینہ طور پرغلط انجکشن لگانے سے مریض جاں بحق ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا۔
بہاولپور کے علاقے حیدر کالونی میں موجود نجی کلینک پر ڈاکٹر نے بخار کے مرض میں لائے گئے حامد نواز نامی نوجوان کو مبینہ طورپرغلط انجکشن لگایا جس سے مریض کی حالت خراب ہوگئی۔
ڈاکٹر ساجد نے ورثاء کو مریض کوبہاول وکٹوریہ اسپتال لے جانے کو کہا لیکن نوجوان جانبر نہ ہوسکا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے ڈاکٹر کا محاسبہ کرتے ہوئے اسپتال کے کمرے میں بند کردیا جس پر اسپتال انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی۔
لواحقین کے احتجاج کرنے پر پولیس نے ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کا بہاول وکٹوریہ اسپتال سے کوئی تعلق نہیں ہے، مریض کو غلط انجیکشن پرائیویٹ کلینک پر لگایا گیا ہے۔
مریض تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں پر وہ دم توڑ گیا، ورثاء کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی دو روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔