• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹ کی طاقت سے ہی آئندہ نسلوں کو خوشحال پاکستان دے سکتے ہیں ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ہی آئندہ نسلوں کو کرپشن فری ،خوشحال اور محفوظ پاکستان دے سکتے ہیں ۔عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ کی قوت سے کرپٹ حکمرانوں کو اقتدارسے بے دخل کردیں ۔ عوام کو غربت ، جہالت ، مہنگائی اور بیروز گاری کا تحفہ دینے والوں سے اب پچھلے تمام حساب برابر کرنے کا وقت آگیاہے ۔ برطانیہ کے شہر ہوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہے ۔ 70سال میں بار بار اقتدار میں آنے والوں نے اندرون اوربیرون ملک عالی شان بنگلے تعمیر کیے۔ان کے کاروبار باہر ہیں۔ عوام حرام کی دولت سے بنائے گئے بنگلوں کا طواف چھوڑ کر اپنے مستقبل کی فکر کریں ۔ پاکستان میں لاکھوں لوگ چھت سے محروم ہیں ۔دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں ۔ عام آدمی کے لیے نہ تعلیم ہے نہ علاج ۔ حکمران ترقی اور خوشحالی کے بڑے دعوے کرتے ہیں مگر وہ زمینی حقائق کو نہیں دیکھتے جہاں لاکھوں بچے ورکشاپوں اورہوٹلوں میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے لیکن یہ وسائل عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کی بجائے حکمرانوں کے عیش و عشرت اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کا سود اداکرنے پر خرچ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک عام آدمی کو ضروریات زندگی سستے داموں دستیاب نہیں ہوں گی اور غریب کے بچے کو تعلیم و علاج کی سہولتیں نہیں ملیں گی ، ترقی کے کھوکھلے نعروں سے دنیا کی نظر میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی ۔امیر جماعت اسلامی ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو جائے تو تمام مسائل دور ہوسکتے ہیں ۔
تازہ ترین