ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میٹروبس سروس کےٹکٹنگ کا نظام بدستور خراب ، ٹوکن ، کارڈ بند ہو گئے ، مسافر پرچیوں پرسفر کرنے لگے ۔ ذرائع کے مطابق ملتان میٹرو بس سروس سے منسلک ان بکس کمپنی کا ٹکٹنگ نظام میں خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے بس پر سفر کیلئے ملنے والے ٹوکن اور ڈیجیٹل کارڈ نے کام کرنا چھوڑ دیا ، کارڈز پر چارجنگ کا عمل بھی معطل ہو گیا جس پر ان بکس کمپنی نے مسافروں کو ٹوکن دینے کی بجائے پرچیاں دینی شروع کر دیں ، مسافر پر چی لے کر بس بے پر جاتا اور وہاں سے پرچی دکھانے والے مسافر کو بس پر سوار ہونے کی اجازت دی جاتی جبکہ دوسری طرف ڈیجیٹل کارڈ ز بھی کام کرنا چھوڑ گئے ۔ جس کی وجہ سے ملتان کے شہریوں کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس ضمن میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سسٹم میں معمولی تعطل پیدا ہوا ہے ، متعلقہ کمپنی کو خرابی دور کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ، آج سسٹم مکمل فعال ہو جائے گا ۔