احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس کی سماعت احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے کی ۔
عدالت نے ہائی کورٹ کی طرف سے حکم امتناع کی مصدقہ نقل طلب کر رکھی تھی، نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی پیش کر دی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے 17 جنوری تک اسٹے آرڈر دے رکھا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پراحتساب عدالت نے ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے باعث کارروائی ملتوی کر دی تھی ،اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس پر سماعت 17 جنوری تک روکتے ہوئے ضامن کی جائیداد کی قرقی پر بھی حکم امتناع جاری کیا تھا۔
ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت کسی ملزم کو30دن کی مہلت دیے بغیر کیسے اشتہاری قرار دیا جا سکتا ہے۔