لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پیر صاحب پگارا اور سید غوث علی شاہ کو دورئہ لاہور کی دعوت دے دی۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ وہ اپنی رہائشگاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے سیکرٹری جنرل طارق حسن کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں سیکرٹری اطلاعات سندھ آفاق احمد خٹک اور نعمت خلجی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آنے والے دن ملکی سیاست کیلئے اہم ہیں۔ مسلم لیگ (ق) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ چلے گی۔ ہماری کسی سے کوئی مخالفت نہیں، ملک کے مفاد میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔