اوسلو(پ ر) اسلامی کلچرل سینٹر ناروے نے ’’عالمی منظرنامہ اور پاکستان‘‘کے نام سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق تھے۔ کانفرنس کی صدارت مولانا محبوب الرحمن نے کی جب کہ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈاکٹر طارق سلیم اور برطانیہ سے میاں عبدالحق نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اللہ پاک نے پاکستان کو ہر دولت سے مالا مال کیا ہے مگر اس پر چوروں، ڈاکوئوں اور کرپٹ لوگوں نے قبضہ جما رکھا ہے اور اس تسلط کو توڑنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں تمام دینی و مذہبی جماعتوں کا اتحاد بنایا جائے اور ان جابر قوتوں کا ووٹ اور عوامی قوت سے خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک انتہائی منظم جماعت ہے اور اس کے پاس ایسے قابل افراد موجود ہیں جو ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوام الناس کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ کانفرنس میں ڈاکٹر حامد فاروق، ارشد جمیل اور دیگر بھی شریک تھے۔کانفرنس کا آغاز علی رضا نے تلاوت قرآن پاک سے کیاجب کہ نقابت کے فرائض حسین شاہ نےانجام دیئے۔ کانفرنس میں خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔