• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی فیڈریشن کانگریس کے ناراض ارکان میدان میں آگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے ارکان کی بڑی تعداد نے پی ایچ ایف کے خلاف سخت مزاحمت کا فیصلہ کرتے ہوئے بدھ کو اپنا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں باہمی مشاورت سے جمعرات کو ہونے والے پی ایچ ایف کی کانگریس کے اجلاس میں شرکت کی جائے گی، جنگ کو باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پنجاب کے ارکان کی بڑی تعداد کے علاوہ کے پی کے، بلوچستان ،کراچی اور سندھ کے کئی ارکان نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ارکان کا کہنا ہے کہ ہم مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، پی ایچ ایف کے موجودہ عہدے دار قومی کھیل کو تنزلی کی طرف لے گئے ہیں، غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان ہاکی کے میدان میں تماشا بن گیا ہے۔ ایک ارکان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیکریٹری نے فیڈریشن کو یرغمال بنالیا ہے۔کروڑوں روپے کی حکومتی گرانٹ ملنے کے باوجود ہر وقت مالی بحران کو رونا رویا جاتا ہے۔ بدھ کے اجلاس میں ہاکی پر منفی اثرات مرتب کرنے والے اقدامات کو ایجنڈے میں سرفہرست رکھا جائے گا، خواتین ہاکی کھلاڑیوں کے ساتھ قومی کوچ کی جانب سے ہراساں کرنے کے کیس میں پی ایچ ایف کی جانب داری ، کرپشن کے الزامات کے حوالے سے بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔
تازہ ترین