لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسلامی اتحاد وقت کی ضرور ت ہے ، پاک ایران دوستی سے خطے میں امن مضبوط ہو گا ، چوہدری پرویزالٰہی سے ایرانی قونصل جنرل لاہور مجید صادقی دولت عبادی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود بھی موجود تھے، ملاقات میں فلسطین اور بیت المقدس پر ایک موقف اور دو طرفہ باہمی تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،چوہدری پرویزالٰہی نے مجید صادقی کو لاہور میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ، دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ فلسطین اور بیت المقدس پر تمام مسلم امہ کا متحد موقف اور اسلامی اتحاد وقت کی ضرورت ہے ، ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ میں 18سال قبل پاکستان آیا تھا اس وقت سے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی سے دوستانہ تعلقات ہیں، آج دوبارہ ان سے ملنے پر دلی خوشی ہے۔