• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن کوچز کےسردار،اصلاح الدین سلیکشن کمیٹی کی اصلاح کرینگے، ہاکی فیڈریشن کے فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کانگریس کے اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں دلچسپ فیصلے کیے گئے۔ سابق اولمپئن حسن سردار اب اپنے نام کی طرح قومی ہاکی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی سرداری کرینگے جبکہ اصلاح الدین کو سلیکشن کمیٹی کی اصلاح کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ حسن سردار اس سے قبل چیف سلیکٹر تھے ۔ اب وہ ہیڈ کوچ ہونگے جبکہ اصلاح الدین کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ اس بات کا فیصلہ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ایچ ایف کانگریس کے اجلاس میں کیا گیا، حسن سردار کے ساتھ محمد ثقلین اور ریحان بٹ کوچز کے فرائض انجام دیں گے۔ اجلاس میں فیڈریشن حکام نے کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے اور وہاں کے منتخب نمائندوں کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی، ایسوسی ایشن کے سکریٹری ظاہر شاہ نے اجلاس سے قبل منتخب نمائندوں کو نہ بلانے پر سخت شور شرابہ کیا، پنجاب اور بلوچستان کے نمائندوں نے بھی ان کے موقف کی حمایت کی ، اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کے پی کے سابقہ ارکان کو شرکت کی اجازت دے دی۔ اجلاس میں پنجاب کے رکن سابق ہاکی اولمپئن خالد بشیر نے پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر مبینہ طور پر کرپشن اور قربا پروری کا الزام لگایا جس پر کئی ارکان نے ان کا ساتھ دیا اور تمام معاملے کی شفاف انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں پی ایچ ایف کے انتخابات کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت انتخابی مرحلہ اپریل سے شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں کلبوں کی اسکروٹنی کی جائے گی، انتخابات قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر کے ایچ اے کے نمائندوں نے کراچی ہاکی کے معاملات میں پی ایچ ایف کی مداخلت پر اعتراض کیا جس پر پی ایچ ایف کے صدر نے ان کی شکایات کے ازالہ کی مکمل یقین دہانی کرائی، اجلاس میں قومی ہاکی ٹیم کے لئے غیر ملکی کوچ کی تقرری کی بھی منظوری لی گئی۔
تازہ ترین