کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ( ر ) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ رواں سال پروفیشنل سپر ہاکی لیگ سے نہ صرف ہمارے شائقین کو بین الاقوامی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے بلکہ قومی کھلاڑیوں کو مالی فوائد اور ملک میں ہاکی کو فروغ حاصل ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے ایدھی ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کو لیز پر حاصل کرلیا ہے اسے گرا کر جدید اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ جس کے اطراف میں شاپس و ریسٹورنٹس کے قیام سے پی ایچ ایف کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف نے نہ صرف ملک میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی کو بحال کیا ہے بلکہ 90 سے زائد قومی کھلاڑیوں کوملازمت دلوانے میں معاونت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم آرہی ہے جہاں 19 جنوری کو کراچی اور 21 جنوری کو لاہور میں میچز کھیلے گی اور شائقین ہاکی ایک طویل عرصہ بعد دنیا کے معروف کھلاریوں کو دیکھ سکیں۔ ہم ورلڈ الیون کے خلاف چار میچز کھیلنا چاہتے تھے جس میں کراچی اور لاہور کے علاوہ اسلام آباد اور پشاور بھی شامل تھے۔ لیکن بعض وجوہات کی وجہ سے اسلام آباد اور پشاور میں میچز منعقد نہیں ہوسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سپر ہاکی لیگ سے ملک میں ہاکی کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑیوں کو مالی فوائد بھی حاصل ہوں گے اور نامور اور منجھے ہوئے کھلاڑیوں کو دس سے پندرہ لاکھ جبکہ ابھرتے ہوئے قومی کھلاڑیوں کو پانچ سے چھ لاکھ روپے حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری کوششوں سے ہی پی او ایف ، زیڈ ٹی بی ایل، سرکاری ٹی وی اور فوجی فائونڈیشن بہترین معیار کی ٹیمیں بنا رہے ہیں جبکہ پی او ایف ، شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم، نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم ، سیالکوٹ میں بھی ہاکی اکیڈمیاں شروع کررہے ہیں جبکہ اندرون سندھ ہاکی اکیڈمی کے لئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے بات ہوئی ہے جہاں کھلاڑیوں کو رہائش ، تعلیم اور بہترین خوراک کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔