• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا ، لاتعلقی اختیار کی جائے ، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا اور پاکستان پر جب بھی برا وقت آیا تو ہمیں دھوکہ دیا اس سے لاتعلقی اختیار کی جائے۔ 65 اور 71ءکی پاک بھارت جنگوں میں امریکہ نے پاکستان کو تنہا چھوڑ دیا اور اب افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہاہے ۔ امریکہ سے فوری طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا جائے ۔ قوم کے نام اپنے پیغام میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔ ہمیں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی نہیں ، خود انحصاری کی ضرورت ہے ۔ امریکہ سے دوستی کی پینگیں بڑھانے اور غلامی کا سبق پڑھانے والوں نے ملک و قوم کی عزت و وقار کو نیلام کیا ۔ امریکہ چاہتاہے کہ افغانستا ن میں اس کی شکست کو ہم فتح میں تبدیل کردیں ۔سراج الحق نے کہاکہ امریکہ نے پاکستان کے خلاف جن اقدامات کا اعلان کیاہے ، اس کا نقصان خود امریکہ کو ہوگا ۔ امریکہ نے کبھی بھی پاکستان کا ساتھ نہیں دیا اور ہمیشہ بھارت کی سرپرستی کی ۔ پاکستان نے جب بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کیے تو پاکستان پر پابندیاں لگادیں ۔ انہوںنے کہاکہ امریکی جنگ میں ہمارے 70ہزار سے زائد لوگ شہید اور 130 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا ۔ اب ہم مزید اس جنگ کا حصہ نہیں رہ سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف جن اقدامات کا اعلان کیا ہے ، ان کے نتیجے میں خود امریکہ اکیلا رہ جائے گا ۔ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے پر پہلے ہی عالمی برادری نے امریکہ کے خلاف ووٹ دے کر ثابت کردیاہے کہ دنیا امریکہ کے غلط اقدامات کا ساتھ نہیں دے سکتی ۔ فلسطین کے حوالے سے پوری دنیا نے امریکی موقف کو مسترد کیا۔ انہوںنے کہاکہ ٹرمپ کے اعلان کے بعد پوری پاکستانی قوم ایک صفحہ پر آگئی ۔اور ان اقدامات کے بعد ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی فضا پیدا ہوئی ہے ۔ وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہو اور خود انحصاری کے باعزت راستے پر چلتے ہوئے حکمرانوں کے ہاتھوں ملک کے وقار کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کریں اور اقبال ؒ کے پیغام ”اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی ، کو عام کریں ۔
تازہ ترین