اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظرسینیٹ الیکشن کا مارچ میں انعقاد مشکل دکھائی دیتاہے۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگواورایک انٹرویومیں ان کا کہناتھاکہ ملک غیر یقینی کی صورتحال سے گزر رہا ہے جس میں سینیٹ انتخابات کےبر وقت انعقاد کی کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتا‘مسلم لیگ ن اپنی مدت پوری کرنے کیلئے پرامیدہے ‘موجودہ ملکی حالات قابل تشویش ہیں‘ ملک کوخارجی محاذپر مشکلات کاسامناہے‘ایسی صورتحال میں اندرونی انتشار و بے یقینی مہلک ثابت ہوگی ‘خارجی محاذ پر موجود خطرے کو سمجھنے کی ضرور ت ہے۔اندرونی طور پر امن واستحکام سے خارجی چیلنجز کا سامنا کرسکتے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ بلوچستان میں استعفے اور دھرنوں کی صورتحال پاکستان کو خارجی محاذ پر مضبوط نہیں کمزور کرے گی‘سی پیک کی کامیابی پر دشمن پریشان ہیں۔قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئےوزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں ایسے عناصر سرگرم ہیں جو جمہوریت کے خلاف ہیں اور وہ سیاسی دھرنے اور تحریکوں کے ذریعے سڑکوں پر آکر ملک کو کمزور کرتے ہیں‘ہم نے تمام قبائلی علاقوں کو کلیئر کیا اور اب دہشت گردی کی لہر سرحد پار سے آرہی ہے‘پاکستان میں کوئی بھی جگہ ایسی نہیں جہاں یہ لوگ اکھٹے ہوکر کارروائی کرسکیں‘فاٹا اصلاحات پر اتفاق رائے سے معاملات حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر انتہاپسندوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل کو بہتر بنایا جارہا ہے۔