اسلام آباد(صباح نیوز)گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں وفاقی حکومت کی جانب سے عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی روک دی گئی ہے اس سلسلے میں گلگت بلتستان کونسل سیکرٹریٹ سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان ایڈ اپٹیشن ایکٹ 2012 کے تحت صوبائی حکومت نے عوامی مفاد عامہ کو مد نظر رکھتے ہوئے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔گذشتہ روز انتظامیہ نے احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور گلگت بلتستان کونسل کی جانب سے عائد ٹیکس سے مکمل پسپائی کی حامی بھرلی۔ ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی روکنے کا فیصلہ عوامی ایکشن کمیٹی و انجمن تاجران اورحکومت کے مابین ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد کیا گیا اس سلسلے میں ایک معائدہ بھی کیا گیا ہے معاہدے میں شریک فریقین جی بی کے سینئر وزیر اکبر تاباب، ڈپٹی اسپیکر جعفراللہ خان، وزیر قانون اورنگزیب خان، گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن رہنما شافی خان، ایم این اے عمران ندیم، جی بی عوامی ایکشن کمیٹی کے صدر مولانا سلطان رئیس اور انجمن تاجران کے صدر محمد ابراہیم سمیت دیگر نے دستخط کیے۔