گلاسگو (طاہر انعام شیخ) تحریک اتفاق رائے یوکے، کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ایوب مرزا، جموں و کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کی رہنما روبی خواجہ اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما ایاز شفقت نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے گلگت و بلتستان میں جو ٹیکس عائد کئے ہیں وہ قطعی طور پر نامنصفانہ ہیں جن کے خلاف وہاں کے عوام پوری طرح سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ ان کو مستقل طور پر کالعدم قرار دیا جائے۔ عطا آباد جھیل کے مقدمات میں سزا پانے والے بابا جان اور ان کے گیارہ ساتھیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ آزاد کشمیر کے علاقے برائیلہ کے سکول ٹیچر شہزاد احمد جو گزشتہ20روز سے لاپتہ ہیں ان کو بازیاب کرانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان رہنمائوں نے مزید مطالبہ کیا کہ نکیال کے علاقے میں گولہ باری سے اب تک خاصی تعداد میں بے گناہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہاں امن قائم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر امجد ایوب مرزا نے مزید کہا کہ ہمالیہ کے دامن میں تمام علاقوں کو آزاد کرکے ایک نئی ریاست بنائی جائے۔