کوپن ہیگن(پ ر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے، 5 فروری کا دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم اور محکوم عوام کیلئے وقف ہے۔پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے،کشمیریوں کے ساتھ اقوام عالم نے جو وعدے کیے انہیں پورا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنےدورہ ڈنمارک کے دوران ملاقات کرنے والے تحریک کشمیر یورپ ڈنمارک کےرہنمائوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یورپین مسلم کونسل کے صدر میاں عبدالحق، تحریک کشمیر ڈنمارک کے سرپرست میاں منیر حسین، تحریک کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری انصر منظور حسین، وسیم ڈار اور دیگر رہنمابھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ہےکہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر ستر سال سے التوا میں پڑا ہواہے، خطے میں حالات اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کی کشیدگی کا ذمہ دار بھارت ہے، کشمیر عوام مسئلہ کشمیر کا پرامن اور مستقل حل چاہتے ہیں۔کشمیریوں نے قربانیوں کی داستانیں رقم کی ہیں ،برہان وانی کی شہادت کے بعد جو حالات پیدا ہوئے تھے اس کاپاکستان نے کا کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔کشمیر کے شہدا کو پاکستانی پرچم میں سپرد خاک کیا جاتا اور ہر گھر میں پرچم لہرا جاتا ہے ،پاکستان کوکشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور کشمیری عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ تحریک کشمیر ڈنمارک کے رہنمائوںنےکہاہےجماعت اسلامی پاکستان کی تحریک آزادی کے بڑی نمایا ںخدمات ہیں ۔ انہوں یورپ کے علاوہ ڈنمارک میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی کو گذشتہ سال ڈینش پارلیمنٹ میں ہونے والی کشمیر پر پہلی کانفرس اور دیگر سرگرمیوں سے آگا کیا اور آئندہ ماہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہونے والے پروگرام کی منصوبہ بندی پر رہنمائی حاصل کی۔اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کیلئے سراج الحق کی خدمات پر انہیں تحریک کشمیر ڈنمارک کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔