کوپن ہیگن( پ ر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے،کشمیریوں کی جد و جہد حق اور انصاف پر مبنی ہے ،پاکستان کا کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت کرنا عالمی معاہدوں کے مطابق ہے۔پاکستان کے سفارتی مشن کے ذریعے بیرون ملک کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی اور تنظیموں کی رہنمائی کر کے بھارت کے مظالم اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اجاگر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈنمارک میں پاکستان کے سفیر سید ذوالفقار گردیزی سے ملاقات میں کیا۔انہوں کہاکہ بیرون ملک پاکستان کمیونٹی ملک کے حالات سے کافی پریشان ہے، پاکستان میں ان کو یورپ جیسی سولہتیں نہیں ہیں،پاکستانیوں کی نئی نسل کا پاکستان کے ساتھ رابطہ اورتعلق ختم ہوتا جارہاہے، پاکستان کے سفارت خانے اس ضمن میں ایسے پروگرام تشکیل دیں جو پاکستان کا صحیح کلچر اور ثقافت کو پیش کریں۔بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی وطن عزیز کی بڑی خدمت کر رہی ہے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔پاکستان کے بارے جو غلط فہمیاں پھیلائی جاتی ہیں اس کاتوڑ پیش کرنا چاہئے اور پاکستان دشمن قوتوں پر کڑی نظر رکھنی چاہئے سفیر پاکستان نےامیر جماعت کو بتایاکہ کشمیر پر پاکستان کی سیاسی اور سفارتی کوششیں سفارت خانوں کی پہلی ترجیح ہے۔بھارت کے پروپیگنڈے پر گہری نظر ہے ،پاکستانی کمیونٹی کا ڈنمارک میں بڑا رول ہے ،کشمیر اور پاکستان کے حوالے سے پاکستان سفارت خانے کی جو حدود ہیں اس کے مطابق کمیونٹی کی رہنمائی اور خدمت کیلئے کوشاں ہیں۔