لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو خطے میں تباہ کن ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، اس لیے عالمی برادری کو اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے خصوصی توجہ دینا ہوگی۔امریکہ پاکستان کے خلاف کوئی بڑی کارروائی کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ ٹرمپ کی دھمکیوں کو گیدڑ بھبھکیوں سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔امریکہ افغانستان میں 15سالہ ناکامی کا الزام پاکستان پر لگاکر اپنی خفت مٹانا چاہتا ہے۔لندن میں پاکستان رابطہ کونسل کی طرف سے اپنے اعزاز میںمنعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کے بغیر روس کامیاب ہو سکتا ہے اور نہ امریکہ۔ امریکہ کو روس کی شکست وریخت سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ ٹرمپ دھمکیاں دیتا ہے کہ ہم پاکستان کو سبق سکھائیں گےحالانکہ اسے بھی یقین ہے کہ وہ کچھ نہیں کر سکتے اور نہ کچھ کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔