• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاع پاکستان کونسل کی کانفرنس ، پرویز خٹک کی شرکت، حافظ سعید کا ٹیلی فونک خطاب

پشاور(نمائندہ جنگ) دفاع پاکستان کونسل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کو پاکستان کیخلاف اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے امریکی غلامی سے نکلنے اور ملکی مفاد میں نئی خارجہ و داخلہ پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا ہے کہ پاکستان کوئی ترنوالہ نہیں اگر امریکا نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی بے وقوفی کی تو افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان امریکا کا قبرستان ثابت ہوگا، پاکستانی قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے پشاور میں تحفظ بیت المقدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پرویز خٹک بھی موجود تھے جبکہ حافظ سعید نے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کےچیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ٹرمپ کی دھمکیاں پاکستان کیخلاف اعلان جنگ ہیں اسلئے امریکا پاکستان میں کسی قسم کی کاروائی کر سکتا ہے جس کیخلاف ہم سب کو متحد ہونا ہو گا، اگر امریکا حملہ کرتا ہے تو اس کے ذمہ دار ہمارے حکمران ہوں گے، انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کمیٹی نے قرارداد پاس کی کہ امریکی غلامی سے نکلا جائے لیکن اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ایسا ہوتا رہا جب نواز شریف آئے تو انہوں نے پالیسیاں تبدیل کرنے کے اعلان کے باوجود تسلسل جاری رکھا اور قوم سے غداری کی،قوم کو غلامی میں دھکیلنے والوں کو پھانسی دی جانی چاہئے، انہوں نے کہاکہ ہم پرائی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا دہشت گردی کیخلاف اس نام نہاد جنگ میں ہم نے فوج کے پانچ ہزار افسران اور جوانوں سمیت ستر ہزار شہریوں کی قربانی دی، انہوں نے کہاکہ ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ کے حوالہ کیا گیا،ہماری سڑکیں نیٹو سپلائی کی وجہ سے کھنڈر بن گئیں،انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے حوالہ سے کسی مسلم ملک نے للکار کر بات نہیں کی ہر مسلمان پر جہاد فرض ہے اس کیلئے ریاست کا اعلان ضروری نہیں ،کشمیر و فلسطین جہاد سے آزاد ہوں گے، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی ملک، اسلام یا امت مسلمہ کے خلاف کسی نے آواز اٹھائی تو دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے ملک و امت کی ترجمانی کی، جماعۃالدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کانفرنس سےٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکا، بھارت اور ان کے اتحادی پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، دشمن ملک سے اس کی ایٹمی قوت چھیننا چاہتے ہیں اس مقصد کیلئے پاکستان کی عزت اور وقار پر ہاتھ ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن بھارت اور امریکہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ، افغانستان میں شکست کھانے والا امریکا پاکستان کیخلاف کوئی بڑی سازش نہیں کر سکے گا۔
تازہ ترین