نارووال (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تحریک عدم اعتماد کا مقصد سینٹ الیکشن کو روکنا ہے ہمیں بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے یکجہتی اور استحکام کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے دنیا کے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اگر ہم نے سیاسی بحران پیدا کیا تو ان سرمایہ کاروں کو بھگا دیں گے۔ سینٹ کے الیکشن میں دو ماہ باقی ہیں تو اس وقت بلوچستان میں تحریک عدم اعتماد لانا اور کچھ سیاسی جماعتوں کا اسمبلیاں توڑنے اور استعفے دینے کے عندیہ سے سازش کی بو آتی ہے جس کا مقصد سینٹ الیکشن روکنا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہے کہ ٹرمپ کی ٹویٹ پر چین سمیت دوست ممالک نے پاکستان کی حمایت میں آواز اٹھائی۔ امریکی صدر نے پاکستان کے حوالے سے جو رویہ اپنایا اس کا تقاضا ہے کہ ہم ملک کے اندر یکجہتی اور استحکام کو قائم رکھیں۔