• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پوسٹ،تاجروں کیلئے شروع کردہ کیش آن ڈیلیوری سروس ناکام

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) پاکستان پوسٹ کی عوام بالخصوص تاجر برادری کی سہولت کیلئے شروع کردہ کیش آن ڈیلیوری سروس ناکام ہو گئی ہے۔ یہ سروس ایسے صارفین کیلئے شروع کی گئی تھی جو اندرون ملک اپنا سامان یا اشیاء لوگوں کو بھجوا کر اسکے بدلے اپنی رقوم بھی پوسٹل سروسز کے محفوظ اور وسیع ملک گیر نیٹ ورک سے ہی جلد واپس منگوانے کے خواہشمند ہوں۔ ابتداء میں انتہائی ناکافی تشہیر، کمزور ترین مارکیٹنگ نظام کے باوجود عوام نے اس سروس کے باکفایت اور ملک گیر نیٹ ورک کی وجہ سے کافی حد تک استفادہ کیا کیونکہ ان کو چار پانچ دنوں میں رقوم ملنے لگیں تھیں جو کہ دیگر اداروں کے ذریعے ناممکن ہے۔ اس لحاظ سے یہ سروس مثبت نتائج کی حامل دکھائی دی لیکن بعدازاں اس سروس کو صرف 226مقامات تک محدود کر دیا گیا جس میں ملک کے متعدد ایسے اہم علاقے بھی نظرانداز کر دیئے گئے جہاں نجی کوریئرز کمپنیاں بخوبی کام کر رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کراچی‘ اسلام آباد‘ پشاور سمیت کئی اہم شہروں میں ڈاک کی تقسیم میں تاخیر اور بڑھتی شکایات بھی کیش آن ڈیلیوری کی بکنگ میں انتہائی کمی کا سبب ہے مگر اس گھمبیر مسئلے پر اعلیٰ حکام سمیت کسی کی توجہ نہیں کیونکہ ادارہ اپنی ڈیلیوری سروس کو معیاری اور بااعتماد بنانے میں ناکام نظر آتا ہے جو کہ اسکے خسارے کی بڑی وجہ ہے۔ تاجر برادری کی رائے میں پاکستان پوسٹ کو صارفین بالخصوص مارکیٹ کی ڈیمانڈ کا ادراک نہیں ہے اسی لئے یہ ادارہ تباہی کے دہانے پر ہے حالانکہ پوسٹل سروسز کی پالیسیوں بالخصوص ترسیل و تقسیم کے معیار کو جدید ضروریات کے مطابق بہتر بنا کراسے منافع بخش اداروں کی صف میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ تاجر برادری نے وزارت پوسٹل سروسز سے ادارے کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیاہے۔
تازہ ترین