• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیڈ لائن ختم،17سے تحریک شروع، استعفیٰ مانگیں گے نہیں لیں گے، طاہر القادری

Todays Print

لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اے پی سی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں حکومت کے خلاف 17 جنوری سے احتجاج کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب استعفے مانگیں گے نہیں استعفے لیں گے،بات استعفوں سے آگے چلی گئی، جہاں کہیں بھی ن لیگ ہے اس کا خاتمہ ہو گا، سانحہ ماڈل ٹائون کے منصوبہ ساز نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور حواری ہیں، 17 جنوری سے شروع ہونے والے احتجاج کا مرکز سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف ہے،17 جنوری کے احتجاج میں عمران خان، آصف علی زرداری، چوہدری شجاعت حسین، مصطفی کمال ،راجہ ناصر عباس، سمیت دیگر جماعتوں کے صدور کو شرکت کی دعوت دے دی ہے، ختم نبوت کے قانون پر حملہ کرنے والے،پارلیمنٹ کو بے حیثیت کرنے والے ، اداروں کو تباہ و برباد اور ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، سربراہ عوامی تحریک نے احتجاجی تحریک کے امور کی نگرانی کیلئے 7 رکنی ایکشن کمیٹی کا اعلان بھی کیا جس میںعبدالعلیم خان، شیخ رشید، قمر الزمان کائرہ، سینیٹر کامل علی آغا، لیاقت بلوچ، ناصر شیرازی، خرم نواز گنڈاپور شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا سٹیرنگ کمیٹی برقرا رہے گی ایکشن کمیٹی فیصلوں میں بااختیار ہو گی جس کا پہلا اجلاس 11 جنوری کو ہو گا۔ایکشن کمیٹی انتظامی امور کی نگرانی کرے گی،اجلاس میں احتجاجی تحریک کے تمام مراحل اور حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ،سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں منظور احمد وٹو نے طاہرالقادری سے ان کی رہائش گاہ پر ون ٹو ون ملاقات کی اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صدارت میں منعقد ہوا اور پونے دو گھنٹے تک جاری رہا،شرکاء نے نماز عصر اور مغرب دوران اجلاس ادا کی، اجلاس میں شیخ رشید احمد، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سردار لطیف کھوسہ، قمر الزمان کائرہ، میاں منظوراحمد وٹو، تحریک انصاف کے رہنمائوں عبدالعلیم خان، جہانگیر ترین، شفقت محمود، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ ،مسلم لیگ ق کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا، چودھری ظہیر الدین،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی ،مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی، پی ایس پی کے وسیم آفتاب، آفاق جمال، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، فیاض وڑائچ، بشارت جسپال اورجمعیت علمائے پاکستان نورانی اور جمعیت علمائے پاکستان کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ کہ نواز شریف نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا اسے انجام تک پہنچائیں گے۔ شیخ رشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی کامیابی کیلئے نواز شریف کے خلاف عوامی نفرت ہی کافی ہے۔ نواز شریف نفرت کی علامت بن چکا ہے اور ان کا انجام دنیا دیکھے گی۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی اور ایکشن کمیٹی کے فیصلوں پر عمل کریں گے، پیپلز پارٹی حصول انصاف کی اس جنگ میں ہر طرح سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہے، جہانگیر ترین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے پاکستان کو برباد کرنے والوں کو اس قابل نہیں چھوڑا جائیگا کہ کہ ملکی تقدیر سے کھلواڑ کر سکیں۔سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ اے پی سی کے فیصلے شریف اقتدار کے مردے کو دفنانے کا سبب بنیں گے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے اے پی سی جماعتوں کی بھرپور شرکت پر فرداً فرداً سب کا شکریہ ادا کیا ۔

تازہ ترین