جنوبی پنجاب کے شہرملتان کے بعدرحیم یار خان اور بہاول پور میں سیزنل انفلوئنزا کا مرض پھیل رہا ہے ۔
ملتان میں 24گھنٹوں کے دوران 4 نئے مریض سامنے آئے ہیں ،رحیم یار خان میں بھی ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔رواں سیزن میں سیزنل انفلوئنزا سے خواتین سمیت 18افراد انتقال کرگئے ہیں ۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 24 دنوں میں 120 افراد کو سیزنل فلوکے شبہ میں اسپتال لایا گیا جن میں سے 60 افراد میں سیزنل فلو کی تصدیق ہوئی جبکہ 8 مریضوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
رحیم یارخان کے شیخ زید اسپتال میں زیر علاج مریض میں سیزنل انفلوئنزا کی تصدیق ہوگئی ہے،ایم ایس شیخ زید اسپتال ڈاکٹرغلام ربانی کے مطابق مریض کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے ۔
بہاول پور کے بہاول وکٹوریہ اسپتال میں بھی سیزنل انفلوئنزا کے شبے میں مریض رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ مریضوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں دواؤں کی کمی کی وجہ سے پریشانی کاسامناہے۔