اولڈہم (تنویر کھٹانہ)حضور قلندر بابا اولیاء کے39ویں عرس مبارک کے حوالے سے ایک روحانی تقریب کا انعقاد اولڈہم کے مقامی ہال میں کیا گیا۔تقریب کا انعقاد سلسلہ عظیمیہ کے اولڈہم مراقبہ ہال کی جانب سے کیا گیاتھا تقریب میں سلسلہ عظیمیہ کے مریدین اور گریٹر مانچسٹر سے کئی کمیونٹی عمائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سلسلہ عظیمیہ کے روحانی پیشوا خواجہ شمس الدین عظیمی نے کراچی سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکاء سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شعور اور لاشعور کے درمیان پردہ کو ریاضت اور کوشش سے ہٹایا جا سکتا ہے ۔ اللہ کی محبت کا جذبہ جتنا مستحکم ہوتا ہے، لاشعور اتنا ہی قوی ہوتا ہے۔ عرس کےآرگنائزر محمد صدیق عظیمی کا کہنا تھا روح اور انسان کے تعلق کو معلوم کرنے کیلئے روحانی علم سے بہتر کوئی علم نہیں ہو سکتا انسان کو اپنی اصل شناخت کو حاصل کرنے اور پہچاننے کیلئے روحانیت اور غیب کے علوم تک دسترس حاصل کرنی ہو گی جو کہ اولیاء اللہ کے قرب اور تدریس سے حاصل ہوتی ہے۔شرکاء جن میں مسرت چوہان، راشد علی، ڈاکٹر عمران خان، مرزا بشیر شامل تھے نے روحانیت سے متعلق اس منفرد تقریب کو بے حد سراہا جس میں قران و حدیث کی روشنی میں انسان کو دنیا میں آنے کے مقاصد اور ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بتایا گیا تھا۔ تقریب میں بچوں ونوجوانوں کو روحانیت اور اولیا اللہ کی اسلام کے حوالے سے کی جانے والے خدمات، اسلام کے اصلی پیغام اور تشخص پر لیکچر بھی دیا گیا جسے نوجوانوں نے بہت پسند کیا ۔