اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، کامرس رپورٹر) پاکستان میں مختلف ممالک کے سفراءکے ایک وفد نے بدھ کو وزیر داخلہ احسن اقبال سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کیٹین ، امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل، آسٹریلیا کی ہائی کمشنر ماگریٹ ایڈمسن، کینیڈا کے سفیر پیری کالڈرووڈ ، ناروے کے سفیر توری نیڈریبو اور برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ بین الاقوامی این جی اوز کا ترقیاتی شعبے میں اہم کردار ہے ، موجودہ حالات میں بین الاقوامی این جی اوز نگرانی کے متقاضی ہیں،غربت اور ملک سے بیماریوں کے خاتمے اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ان کے کردار کا ہمیشہ خیر مقدم کیا اور اسے سراہا گیا ہے تاہم پاکستان کے موجودہ حالات بین الاقوامی این جی اوز کی کارروائیوں کی نگرانی اور ان کی مالی معاونت کے ذرائع کی نگرانی کے متقاضی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ انتہا پسندی سے متعلق کوئی بھی این جی او غیر ملکی امداد حاصل نہ کر سکے۔