ٹھٹھہ(نامہ نگار) فشر فوک فورم کی جانب سے ساحلی شہر جاتی میں واقع بابلی جھیل سمیت سندھ کی دیگر جھیلوں پر با اثر افراد کے قبضے کے خلاف یاسمین شاہ، گلاب شاہ اور نور محمد تیمور کی قیادت میں ایدھی سینٹر سے پریس کلب تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں تنظیم کے پرچم، بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یاسمین شاہ، سید گلاب شاہ اور نور محمد تھیمور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جھیلوں پر غیر قانونی قبضے ختم کرانے کے احکامات کے باوجود سندھ کی بیشتر جھیلوں پر اب بھی با اثر افراد کا قبضہ قائم ہے عدالتی حکم سے انحراف ہے، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کے بجائے صوبائی وزیر ماہی گیری جھیلوں پر غیر قانونی قبضے پر خاموش ہیں، حکومت سندھ کی جانب سے شکار کے لائسنس جاری ہونے کے باوجود ماہی گیر با اثر افراد کے زیر قبضہ جھیلوں سے شکار کرنے سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان فشر فوک فورم سندھ کی جھیلوں پر قبضوں کے خلاف 10 جنوری سے صوبہ کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار احتجاج کریگی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر ماہی گیری سے وزارت کا قلمدان فوری واپس لیکر جھیلوں پر قبضہ ختم کرایا جائے۔