لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے ویمن ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں کی جنسی ہراساں کرنے کی شکایت پر ہاکی فیڈریشن اور ڈی جی سپورٹس بورڈسے جواب طلب کر لیا ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے ویمن ہاکی ٹیم کی سیدہ سعدیہ اور اقرا کی درخواست پر سماعت کی جس میں 2کھلاڑیوں نے اپنے خلاف انتقامی کارروائی کو چیلنج کیا،درخواستگزار کھلاڑیوں کی وکیل ربیعہ باجوہ نے بتایا کہ سیدہ سعدیہ کو ہراساں کرنے کی شکایت پر اس معاملے پر قائم کمیٹی نے ایک سال کی پابندی کی سفارش کردی جبکہ دوسری کھلاڑی اقرا جاوید کو گواہ دینے کے معاملے پر ٹیم سے نکال دیا ، کمیٹی کی تشکیل پراعتراض اٹھا تے ہوئے کہا کہ جنسی ہراساں کرنے کی شکایت سننے والی کمیٹی قانون کے مطابق نہیں، کمیٹی کے ارکان کی تعداد 3ہونی چاہیے لیکن کمیٹی 4ارکان پر مشتمل تھی، کمیٹی کو سزا کی سفارش کرنے کا کوئی اختیار نہیں ۔