• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ قصور کیخلاف سندھ بھر میں احتجاج کا سلسلہ برقرار، زینب کی یاد میںشمعیں روشن

سکھر+خیر پور+جیکب آباد (بیورو رپورٹ/نامہ نگاران)سانحہ قصور کے خلاف سندھ بھرمیں احتجاج کا سلسلہ برقرار ہے جب کہ معصوم زینب کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔مظاہرین سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنانیوالے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔تفصیلات کے مطابق سکھر ۔مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے سانحہ قصور کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔جمعہ کے روز تحریک انصاف کی جانب سے مبین جتوئی کی قیادت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ سماجی تنظیم لبیک کی جانب سے ثناء اللہ نوناری، نعمان شیخ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ و بینرز اٹھاکر زینب کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنانیوالے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے درندہ صفت انسانوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔ زینب کے بہیمانہ قتل پر پوری قوم افسردہ ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں معصوم بچی کے ورثاء کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث درندہ صفت ملزم کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ دریں اثنا ایم کیو ایم پاکستان ڈسٹرکٹ سکھرکے آرگنائزر سراج احمد خان ایڈووکیٹ اور اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں قصور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زینب قتل اور سکھر میں فرخ انصاری جیسے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں، اس قسم کے ہولناک واقعات سماج اور ہماری سوسائٹی پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے بھرپور کردار ادا کرے اور قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزادے ۔ خیر پور۔قصور میں معصوم بچی زینب کو زیادتی کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کرنے کے واقعے کے خلاف خیرپور میں انسانی حقوق اور انسان دوست تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی پھول باغ چوک سے شروع ہوئی۔ ریلی میں شریک افراد اسٹیشن روڈ ،مال روڈ ،کچہری روڈاور کورٹ روڈ پر مارچ کرتے ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں انہوں نے احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ کیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت امداد خمیسانی ایڈووکیٹ اور دیگر کر رہے تھے جو معصوم بچی زینب کے قاتلوں کو گرفتار کر نے کا مطالبہ کر رہے تھے۔امداد خمیسانی ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ سانحہ قصور بڑا سانحہ ہےجس پر خاموش نہیں بیٹھا جا سکتا۔جیکب آباد۔تحریک انصاف کی جانب سے قصو ر میں معصوم بچی زینب کے زیادتی کے بعد قتل کے خلاف ضلع سیکریٹری اطلاعات راز خان پٹھان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں کارکنان اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کےء شرکاء نے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور واقعے کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ڈی سی چوک پہنچے جہاں زینب کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اس موقع پر رازخان پٹھان نے خطاب کیااور مطالبہ کیا کہ ملزمان جلد گرفتار کئے جائیں اور ایسے واقعات کی روک تھا اور بچوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ نوشہروفیروز۔وکلا برادری نے قصور میں معصوم بچي زینب کو زيادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کے خلاف عدالتی کارروائی کا بائيکاٹ کرکے احتجاج کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر عبدالستار لہرانی، ثناءاللہ جویو، عبدالرحیم عباسی، شوکت بوہیو اور ديگر نے کہا کہ قصور واقعے نے انسانیت کا سر شرم سے جھکادیا ہے مگر افسوس کہ حکمران کوتاہیاں چھپانے کے لئے سارا ملبہ انکے ورثا پر ڈال رہے ہيں جوکہ انتہائی غلط عمل ہے۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ واقعےملوث وحشی درندوں کو گرفتار کر کے انہیں عبرتناک سزا دی جائے۔ شکارپور۔قصور میں معصوم زینب کے ہونے والے بہیمانہ قتل کے خلاف ینگ رائزنگ اسٹارز شکارپورکی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں مظاہرین نے واقے کے خلاف نعرے لگائے۔ٹنڈوالہ یار۔سانحہ قصور کے خلاف مختلف سیاسی سماجی و مذہبی تنظیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا گیا اور زینب کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ٹھٹھہ ۔ قصور میں 8 سالہ زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے خلاف مسلسل دوسرے روز بھی ٹھٹھہ میں احتجاج کیا گیا، سول سوساٹئی کی جانب سے اقبال جاکھرو، گل بی بی شاہ و دیگر کی قیادت میں ایدھی سینٹر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زینب کے قاتل کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں چھپے ہوئے دیگر وحشی صفت درندے بھی اس سے سبق حاصل کریں اور آئندہ کوئی بھی شخص یہ عمل دہرانے کی ہمت نہ کرے۔ کشمور۔زینب کے قاتلوں کو سرعام پھانسی دی جائے ان خیالات کا اظہار فنکشنل مسلم لیگ کشمور کے فقیرمحمد علی تھیم، وقار احمد بھٹی، عبدالمنان نائچ اور دیگر نے ملاقات میں کیا۔
تازہ ترین