اسلام آباد (حنیف خالد) بحریہ ٹائون کے چیئرمین اور ملک کی معروف مخیر شخصیت ملک ریاض حسین نے قصور کی چھ سالہ زندہ بچ جانے والی بچی کائنات بتول کا مکمل علاج اپنے خرچ پر کرانے کا اعلان کیا ہے بحریہ ٹائون ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو بچی کے علاج پر مامور کردیا ہے۔ انہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اور زیادتی کا شکار ہونے والی زینب اکیلی نہیں تھی بلکہ اس کے علاوہ کئی اور بچیاں بھی ظلم اور بربریت کا نشانہ بنی جن میں سے ایک 6 سالہ کائنات بتول قصور اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے بحریہ ٹائون اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کائنات کے علاج کیلئے قصور بھجوا دی ہے۔ کائنات 10 نومبر کو اغواء ہوئی تھی اور 13 نومبر کو کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہوئی تھی لیکن شاید اس کی زندگی ابھی باقی تھی وہ بچ گئی اور اس وقت سے ایک اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے اس بچی کا مہنگے سے مہنگا علاج کرانے کیلئے اپنے اسٹاف کو ہدایات جاری کردی ہیں ضرورت پڑی تو اس کا علاج ملک کے اعلیٰ ترین معالجین سے کرایا جائے گا ڈاکٹروں نے اگر رائے دی تو کائنات بتول کا علاج اگر ملک کے اندر ممکن نہیں تو بیرون ملک چھ سالہ بچی کا علاج وہ خود کرائیں گے۔