کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا دورہ کرنے والی ہاکی ورلڈ الیون 22 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جس ہالینڈ کے سات، اسپین کے چار، آسٹریلیا ، جرمنی اور ارجنٹائن کے تین تین جبکہنیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی شامل ہوگا۔ ورلڈ ہاکی الیون دو میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 18جنوری کو پاکستان پہنچے گی ورلڈ الیون کے خلاف پہلا میچ 19 جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا میچ 21 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔پی ایچ ایف کے ذرائع کے مطابق جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کی ہے ان میں ہالینڈ کے شہرہ آفاق کھلاڑی پال لیجن اورپنالٹی کارنر کے سابق ماہر کھلاڑی فلورنس جان بوولینڈر بھی شامل ہیں ہالینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں روبروکرز، روڈایرک ویوس تھاف، فلپ میولن بورک، میتھائس بروور، ہیڈی ٹرکس، روب ہائووررز شامل ہیں۔ اسپین کے سانتی فریکیو، جان ایس کورر، روک اولیویا اور ڈیوڈ الجیری، آسٹریلیا کے گرانٹ سچو برٹ، ڈون برائر، فلپ براووروز، جرمنی کے بنجمن ویز سائمن، جستو اسچرووسکی، کرسچن بلینک، ارجنٹائن کے آگسٹنیوگالو، ڈائیگو پز، ناہیول سلز، اور نیوزی لینڈ کے پونٹی فکس مارشل ٹیم کا حصہ ہونگے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان مقابلوں کے لئے کراچی اور لاہور میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بھر پور سیکیورٹی فراہم کرنے کے اقدامات شروع کردئیے ہیں، ان مقابلوں کے دوران عالمی ہاکی اور پاکستان کے نامور کھلاڑیوں کو ہال آف فیم ایوارڈ بھی دیا جائے گا جس میں فلورنس جان بوولینڈر، پال لیجن، کرسچن بلنک، ڈان پرائر اور رکی چارلس ورتھ شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اصلاح الدین، حسن سردار، شہناز شیخ، اختر رسول اور شہباز سینئر کو ایوارڈ دیا جائے گا۔