راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں 7افراد زخمی ہو گئے۔ تھانہ روات کو محمد اویس ولد محمد زبیر سکنہ پنجگراں ساگری نے بتایا کہ پرویز حسین، امجد حسین، بلو، محمد علی، حاجی ظہور، اظہر محمود، ممریز حسین اور چند نامعلوم اشخاص مسلح ہائے پسٹل اور آہنی راڈ وغیرہ ہماری زمین پر آئے۔ چوہدری پرویز نے سیدھا فائر میرے بازو پر کیا جبکہ باقی تمام نے مجھے ڈنڈوں اور آہنی راڈز سے مارنا شروع کر دیا جس سے میں زخمی ہو گیا۔ تھانہ روات کو واجد شہزاد نے بتایا کہ گزشتہ روز 11بجکر پچاس منٹ پر دربار بابا مردان علی داخلی کلیام مقبول احمد، حسنین احمد، حسن احمد معہ تین چار نامعلوم اشخاص مسلح ہائے پسٹل و ڈنڈے آ گئے اور آتے ہی گالم گلوچ کرنا شروع کر دی۔ اسی دوران حسنین احمد نے پسٹل کا بٹ میرے سر پر مارا جبکہ باقی تمام نے ڈنڈوں اور راڈز سے مارنا شروع کر دیا۔ تھانہ روات کو محمد شریف نے بتایا کہ 2بجے دن اللہ دتہ، محمد یعقوب، لہراسب، محمد شریف مسلح ہائے کلہاڑیاں و ڈنڈے، چھری آ گئے اور آتے ہی لہراسب نے وار چھری میرے سر پر پچھلی جانب کیا، محمد شریف نے پتھر مارے اور اللہ دتہ نے میرے پہلو پہ ڈنڈا مارا۔ ملزموں نے میرے بھائی، بھانجے اور بھابھی کو بھی شدید زدوکوب کیا جس سے ہم شدید زخمی ہو گئے۔ تھانہ کلرسیداں کو مبشر حسین نے بتایا کہ فیصل بھٹی سکنہ موہڑہ پھڈیال میرے پاس آیا اور فوزیہ جبین زوجہ عبدالقیوم (مرحوم) سکنہ موہڑہ پھڈیال سے میری صلح کروانے کے بہانے مجھے اپنے ساتھ فوزیہ جبین کے گھر لے گیا جہاں فیصل بھٹی نے پسٹل 30بور نکال کر پنڈلی کے اوپر رکھا‘ فوزیہ جبین نے مجھے پکڑے رکھا اور فیصل بھٹی نے فائر کر دیا جس سے میں شدید زخمی ہو گیا۔ یہ دونوں کیری ڈبہ میں ڈال کر مجھے میرے گھر کے باہر پھینک گئے۔ تھانہ نصیر آباد کو رضوان اشرف سکورٹی سپروائز سپریم کورٹ ہائوسنگ سوسائٹی جی 17اسلام آباد نے درخواست دی کہ میں معہ دیگر ورکرز نواب خان، ساجد حسین کام کر رہے تھے کہ ذوالفقار مسلح آیا اور ہمیں اسلحے کی نوک پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ تھانہ نصیر آباد کو الطاف احمد نے بتایا کہ میں دکان میں موجود تھا کہ وقاص، حسیب، جعفر شاہ مسلح نے اسلحہ کی نوک پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔