میلبورن ( جنگ نیوز) ٹینس کا پہلا گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن پیر پندرہ جنوری سے شروع ہو رہا ہے۔ مردوں میں اسپین کے رافیل نڈال اور راجر فیڈرر کا سکہ چلنے کا امکان ہے، البتہ خواتین سنگلز میں ماہرین کے مطابق نئی چیمپئن سامنے آسکتی ہے۔امریکا کی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کی عدم موجودگی میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ اور ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کے علاوہ کئی ابھرتی ہوئی خواتین کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کیلئے پرامید ہیں۔ ووزنیاکی آج تک کوئی بھی بڑا ٹورنامنٹ جیت نہیں سکی ہیں۔ 2017 میں فرنچ اوپن میں سیرینا ولیمز کی عدم موجودگی میں یلینا اوسٹاپینکو نے کامیابی حاصل کی تھی اور یو ایس اوپن میں امریکا کی ابھرتی ہوئی نئی کھلاڑی سیلون اسٹیفنز کو ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ ان ٹورنامنٹس میں کامیابی کے بعد سے یہ دونوں کھلاڑی مسلسل خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ اس صورت حال میں ہالیپ کامیابی کیلئے ہاٹ فیورٹ قرار دی جارہی ہیں۔ کیرولین ووزنیاکی عالمی نمبر ایک رہی ہیں لیکن کوئی ایک گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئیں۔ گزشتہ برس ومبلڈن جیتنے والی ہسپانوی خاتون گاربین مگوروزا بھی انجریز کا شکار ہیں۔ حالیہ چند مہینوں میں ووزنیاکی کے کھیل میں ایک نئی تازگی دیکھی گئی ہے۔ اس تناظر میں وہ خود بھی کہتی ہیں کہ انہوں نے کھیل کے ہر شعبے کو بہتر بنایا ہے اور اس باعث وہ توقع رکھتی ہیں کہ آسٹریلین اوپن میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ سیمونا ہالیپ کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلین اوپن میں سرخ لباس زیب تن کریں گی کیونکہ وہ اس رنگ کو اپنے لیے خوش بختی کا باعث خیال کرتی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ آسٹریلین اوپن میں نئی خواتین کھلاڑیوں میں سے کوئی ایک ٹرافی جیت سکتی ہے۔