• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا مری میں غیرقانونی تعمیرات گرانے کا حکم

اسلام آباد(آئی این پی ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مری میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا ہے کہ بلڈوزر کرائے پر لیں اور غیر قانونی تعمیرات گرائیں،جن کے دور میں مری میں غیر قانونی تعمیرات ہوئی ان کے ناموں کی فہرست فراہم کی جائے، کیس کی سماعت (آج) منگل کو پھر ہو گی ۔مری میں منادی کرا دیں جسے آنا ہے عدالت آجائے، پیر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر مری سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ میں نے مال روڈ جوانی میں بھی دیکھا ہے اور بڑھاپے میں بھی، غیر قانونی تعمیرات کس کی ہیں، جن کے دور میں یہ تعمیرات ہوئی ان کے ناموں کی فہرست بھی فراہم کریں، مری جائیں منادی کروادیں جسے آنا ہے عدالت آجائے، عدالتوں میں جو کیس ہیں ان کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔انہوں نے کہا سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے غیرقانونی تعمیرات ہم سے چھپائی نہ جائے، یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے، یہ غیرقانونی تعمیرات آپ کے ادارے کی آشیرباد سے ہوئیں، ثابت کریں کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے۔ بلڈوزر کرائے پر لیں اور تعمیرات گرائیں، یہ عمارتیں گریں گی یا آپ گر جائیں گے، بعد ازاں کیس کی مزید سماعت(آج) منگل تک ملتوی کردی گئی۔
تازہ ترین