• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا

برمنگھم (ابرار مغل) قصور میں بے گناہ اور معصوم زینب کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سے پاکستان بھر کے جرائم عناصر کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔ پاکستانی حکومت فوری طور پر ملوث افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی و سماجی شخصیات پی پی پی کے رہنما حاجی نائب مغل، کشمیر فورم کے چیئرمین چوہدری محمد عظیم، برٹش کشمیری فائونڈیشن کے صدر شہزاد اقبال مغل اور پی پی پی برطانیہ کے رہنما چوہدری محمد حنیف نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ اسلامی ملک میں ایسے واقعات کا ہونا پورے معاشرے کے لیے بدنامی اور لمحہ فکریہ ہے، ہمیں مل کر ایسے واقعات کے سدباب کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ حاجی نائب مغل نے کہا کہ معصوم زینب پوری قوم کی بیٹی ہے۔ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے قوم کی اس بیٹی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ چوہدری محمد حنیف نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرکے پاکستان کے بے شمار بچوں کو ان درندوں سے بچایا جاسکتا ہے۔ شہزاد اقبال مغل نے کہا کہ ایسے درد اور کرب ناک واقعات سے اوورسیز کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں۔
تازہ ترین