• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا پر نفرت انگیز ،فرقہ ورانہ مواد تشہیر کیخلاف پالیسی موجود ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پیمرا ریگولیٹر کی حیثیت میں پرائیویٹ سیکٹر تک میڈیا کی نگرانی کا کام کرتا ہے، اگر کوئی شکایت ہو کہ کوئی ٹی وی پروگرام معاشرے کی اقدار اور روایات کے منافی ہے تو ایکشن لیا جاتا ہے، معاملہ کونسل آف کمپلینٹ میں بھیجا جاتا ہے، ایسے پروگرام کی اجازت نہیں دی جاتی جس کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوں یا وہ معاشرتی اقدار کے منافی ہو، انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ صلاح الدین کے سوال پر بتائی، انہوں نے کہا نفرت انگیز تقاریر، تشدد، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے بارے میں شکایات کو منطقی انجام تک پہنچایا جاتا ہے اور حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، وزارت اطلاعات ونشریات فرقہ وارانہ نفرت اور تشدد سے متعلق مواد کی جانچ پڑتال کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ قومی سطح پر تمام مطبوعات، نشریات اور اشتہارات تشدد، دہشت گردی، فرقہ واریت، مذہبی امتیاز اور نفرت انگیز تقاریر پر مشتمل ہوں اور نہ ہی اسکی حوصلہ افزائی کرتی ہوں، میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز تقریر اور فرقہ وارانہ تشدد کو اجاگرکرنے کیخلاف پہلے ہی عدم برداشت کی پالیسی موجود ہے، پریس کونسل پاکستان پرنٹ میڈیا کو چلانے کے اخلاقی طریقہ کار کو صحیح معنوں میں نافذ کرنے کی سخت کوشش کر رہی ہے۔
تازہ ترین