اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی کزنز کو یقین ہوگیا، عوام ووٹ نہیں دینگے، پہلے ملک کی ترقی کیخلاف کنٹینر بنا اور اب تین سیاسی کزنز مل کر ملک کے آئین کے خلاف کنٹینر بنا رہے ہیں۔منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نےکہا کہ تین سیاسی کزنز نامعلوم نجومیوں کی اے بی سی ٹیم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں، کیونکہ انہیں یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان کے لوگ انہیں ووٹ نہیں دیتے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں جب سی پیک بن رہا تھا اور دہشتگردی ختم ہورہی تھی تو تب بھی تو دوسری طرف کنٹینر بن رہا تھا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں جب میٹرو اور سڑکوں کا جال بچھ رہا تھا یا جب تاریخی انتخابی اصلاحات، یوتھ پروگرام ، تعلیمی اصلاحات اور ہیلتھ پروگرام بن رہا تھا تب بھی کنٹینر بنایا گیا۔