راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد ضلع کونسل راولپنڈی نے بھی مری کی دیہی یونین کونسلوں اور جی ٹی روڈ پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے ساتھ ساتھ منظور شدہ بلڈنگ پلان کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔چیف آفیسر ضلع کونسل شاہد عمران مارتھ نے ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحصیل مری کے دورہ کے دوران بتایا گیا تھا کہ تحصیل مری میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔اس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ دیں کہ گزشتہ برس کتنے بلڈنگ پلان اپلائی ہوئے اور کتنے منظور کئے گئے۔اور کتنی غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ایک اور مراسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ سے چیف آفیسر ضلع کونسل شاہد عمران مارتھ نے ضلع کونسل کی حدود تحصیل ٹیکسلا تا تحصیل گوجرخان تک جی ٹی روڈ پر ہونے والی تجاوزات اور کمرشل سرگرمیوں کے حوالے سےبھی رپورٹ طلب کی ہے۔مراسلے میں بلڈنگز انسپکٹرز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انھیں بار بار ایکشن لے کر تعمیروات کو منہدم کرنے اور ایف آئی آرز کرانے کی ہدایت کی گئی لیکن ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے۔مراسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلڈنگز اور انفورسمنٹ انسپکٹرز کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر ضلع کونسل کی حدودمیں واقع علاقے کا دورہ کرکے نہ صرف صورتحال کا جائزہ لیں بلکہ جو ایکشن لیا گیا اس کی تفصیلات سے بھی ایک ہفتہ میں آگاہ کریں۔چیف آفیسر ضلع کونسل شاہد عمران مارتھ نے ڈسٹرکٹ آفیسر آئی اینڈ ایس کو بھی تین مراسلے بھجوائے ہیں۔جس میں ان سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2017/18کے تحت ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی سکیموں پر ان کی مقررکردہ ڈیڈلائن میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔تمام سکیموں کا ذاتی طور پر دورہ کریں اور رپورٹ دیں۔