لاہور(خصوصی رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن عبدا ﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی میچ کے لیے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو انتہائی ہائی پروفائل سطح پر کیا جائے گا۔ ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے ورلڈالیون ٹیم اور پاکستانی ہاکی ٹیم کے مابین میچ کے لیے کنٹرول روم سے مکمل نگرانی ہوگی۔ اضافی سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیموں کی رہائش کے گرد اور آمد و رفت کے تمام راستوں کی ڈیپ سویپنگ کی جائے گی اور تمام اہم پوائنٹس پر پولیس کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ روف ٹاپ سیکورٹی بھی کام کرے گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار 21 جنوری 2018ء کو ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے ہاکی کے بین الاقوامی ایونٹ کے لیے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔