وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادر پاک چین اکنامک کوریڈور کا گیٹ وے ہے ،اس منصوبے سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں 2 سے 3فیصد اضافے ہوگا ،ملکی ٹرانسپورٹ اور توانائی کے مسائل ختم ہوں گے ۔
گوادر کے دورے کے دوران احسن اقبال نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا ، میڈیا سے گفتگو میںوزیر داخلہ نے کہا کہ گوادر تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ دشمن سی پیک سے خائف ہے،اس منصوبے سے قبل دنیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیتی تھی آج اسے سرمایہ کاری کی منزل سمجھا جارہا ہے ۔
وزیرداخلہ نےکہا کہ سی پیک کے تحت ہم تھر کے کوئلے کو استعمال میں لائیں گے ،جو 400 سال تک کے لئے کافی ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک سے سیاحت زراعت تجارت اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا،گوادر میں ترقی کا سفر بہت تیزی سے جاری ہے ، منصوبہ گوادر میں خوشحالی لائے گا ۔
احسن اقبال نےامریکی ڈومور کے مطالبے کو انصاف کے برخلاف قرار دیا اور کہا کہ ڈو مور ہمیں نہیں امریکا کو کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان اور امریکا آپس میں الجھیں گے تو فائدہ دہشت گردوں کو ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک افغان مہاجرین واپس نہیں جائیں گے شر پسندی کا خطرہ رہے گا، پاکستان میں 30لاکھ افغان مہاجر ہوں تو کیسے ہم کہہ سکتے ہیں ان میں کوئی شرپسند نہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ امریکا افغان مہاجرین کے لیے اقتصادی پیکیج کا اعلان کرے۔