اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔ جمعہ کو وزیر مملکت سے اے پی این ایس کے وفد نے ملاقات کی ، وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میڈیا کیلئےسازگار ماحول کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں کر رہی ہیںتاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر سکیں۔ آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسر ے کیلئے لازم ملزوم ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے قانون سازی پر کام جاری ہے، جرنلسٹ سیفٹی اور سکیورٹی بل اس ضمن میں کلیدی کردارادا کرے گا۔اجلاس میں ویج بورڈ،اشتہارات کے ریٹس پر نظر ثانی، اشتہارات کا علاقائی کوٹہ بقاجات اور اے بی سی کی آٹومیشن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔وفد نے میڈیاصنعت کو سہولیات دینے کے حوالے سے وز ار ت کے اقدامات کو سراہا۔ملاقات میں سیکرٹری اطلا عات ،پرنسپل انفارمیشن آفیسر ،ڈاریکٹر جنرل انٹرنل پپلسٹی ونگ ،سیکرٹری جنرل اے پی این ایس عمر شامی اور ممبر اے پی این ایس ممتاز طاہر،خوشنود علی خان،مجیب الرحمن شامی اور حمید ہارون شامل تھے۔