اولڈہم( تنویر کھٹانہ) متحدہ اپوزیشن کے لاہور جلسے میں شیخ رشید اور عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کے بیان پر اولڈہم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کیلئےعمران خان اور شیخ رشید کے الفاظ کا چناؤ غلط تھا۔ لیکن یہ الفاظ حکومتی کارکردگی کیلئے استعمال کیے گئے تھے۔ مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنما مقصود کاکڑوی نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمان کے خلاف جو زبان استعمال کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ پارلیمنٹ مقدس ادارہ ہے جہاں پورے پاکستان کی عوام کے منتخب نمائندے بیٹھتے ہیں، ذاتی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کارکردگی اور گورننس پر اختلاف کیا جا سکتا ہے لیکن اس پارلیمان پر لعنت بھیجنا جس کے آپ خود نمائندے ہیں، عمران خان کی سیاسی بصیرت پر سوالیہ نشان ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے علی بٹ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمان پر نہیں بلکہ حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھائے تھے لیکن ان کے الفاظ کا چناؤ غلط تھا تاہم ان کے اس بیان کو بڑھا چڑھا کر ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔