• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجربہ جوش پر غالب، ہاکی ورلڈ الیون نے پاکستان جونیئرز کو ہرادیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین ملک میں 9سال بعد ہاکی مقابلے بحال ہوگئے۔ پاکستانی ٹیم قوم کو خوشخبری نہ دے سکی ۔ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جمعہ کو پہلے میچ میں ورلڈ الیون نے پاکستان کے جونیئرز کو اپنے تجربے اور مہارت اور باڈی ڈاج سے با آسانی قابو کرتے ہوئے 5-1سے شکست دے دی۔ دوسرا میچ اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ میچ کے آغاز سے قبل وزیر داخلہ احسن اقبال ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا گیا ۔ اس میچ میں پاکستان نے عدیل لطیف کے فیلڈ گول کی مدد سے برتری حاصل کی۔ تیسرے کوارٹر میں مہمان ٹیم نے اوپر تلے چار گول اسکور کیے۔33 اور36ویں منٹ میں کپتان راڈرک ویوستھوف نے پنالٹی کارنرز پر لگاتار دو گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی ۔41ویں منٹ میں گرانٹ شوبرٹ اور اس کے چار منٹ بعد فلپ بوروز نے ایک اور گول داغ کر پاکستانی کھلاڑیوں کو بے بس کر دیا۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں 48ویں منٹ مین ڈیوڈ الگارے نے ایک اور گول بناکر اسکور5-1کر دیا۔ میچ سے قبل میوزیکل شو کا اہتمام کیا گیا جو تماشائیوں کے لئے کشش کا باعث نہ بنا۔ میچ کے دوران اسٹیڈیم کے جنرل انکلوژرز خالی پڑے رہے البتہ بعض انکلوژرز میں اکا ادکا تماشائی بیٹھے تھے۔خالی کرسیوں پر پولیس اہلکار آرام کرتے نظر آئے ،اس میچ کی بڑے پیمانے پر تشہیر نہیں کی گئی تھی ۔ جنرل انکلوژرز کے 250کا ٹکٹ رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا جسے آخری وقت میں تماشائیوں کے لئے مفت کر دیا گیا تھا،ٹکٹوں کی فروخت کے لئے کوئی خصوصی بوتھ نہیں بنائے گئے تھے،اس لیے شائقین کی اکثریت ٹکٹس کے لئے مختلف علاقوں میں سرگرداں رہی۔ وی آئی پی انکلوژرز میں خصوصی پاس کے ذریعے اپنے عزیزواقارب اور باسز کو لاکر بٹھا دیا گیا تھا۔
تازہ ترین