راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ کارپوریشن کی حدود میں بلانقشہ وخلاف نقشہ تعمیرات کیخلاف کارروائی کیلئے سکواڈ تشکیل دیدیا ہے جو چند روز میں بلاتخصیص اپنی کارروائیاں شروع کر دے گا، عملے اور مشینری کی کمی ہے مگر اس کے باوجود بالخصوص پارکنگ اور سیٹ بیک پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بڑی مشینری کے حصول کیلئے حکومت پنجاب سے گزارش کر رکھی ہے جلد اس پر عمل ہو جائے گا، میئر راولپنڈی نے کہا کہ تین روز میں تجاوز کردہ 25ٹرک سامان قبضے میں لیا گیا ہے جس کا شہریوں نے بھی خیرمقدم کیا ہے جبکہ بلانقشہ وخلاف نقشہ عمارتوں کی روک تھام کیلئے گیس، پانی اور واپڈا سمیت دیگر محکموں کو پابند کر رہے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سہولت فراہم نہ کی جائے اس کیلئے چند روز میں ایک کمیٹی قائم کر دی جائے گی۔ پورے شہر کی سٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی پر منتقل کر رہے ہیں جس سے بلوں کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی جو دیگر فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، سردار نسیم نے کہا کہ پیرودھائی اڈے کو صاف ستھرا اور مثالی بنانے کیلئے پندرہ کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں نصف رقم ورلڈ بینک فراہم کرے گا بقیہ رقم اپنے وسائل سے پوری کی جائے گی اسی طرح ورلڈ بینک کے تعاون سے لیاقت باغ کے مقام پر قائم سو سال پرانی تاریخی لائبریری کی تزئین وآرائش اور کتب کی فراہمی سمیت دیگر ضرورتیں پوری کرنے کیلئے اڑھائی کروڑ روپے کے منصوبے پر بھی جلد کام شروع ہوجائیگا۔