کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف قرار داد مذمت اتفاق رائے سے منظور، یہ قرار داد عمران خان اور شیخ رشید کے پارلیمنٹ کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس پر منظور کی گئی۔ قرار داد پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال اور ایم کیو ایم کے رکن ظفر کمالی نے پیش کی تھی۔ قرار داد میں عمران خان اور شیخ رشید کے پارلیمنٹ کے بارے میں ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قوم سے سرعام معافی مانگیں۔ سندھ اسمبلی کے ایوان میں عمران خان کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان خرم شیر زمان، ثمر علی خان اور ڈاکٹر سیما ضیاء نے بولنے کی کوشش کی تو اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے کہا کہ کیا وہ عمران خان کی طرف سے پارلیمنٹ پر لعنت کی حمایت کریں گے۔ اگر وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اسپیکر نے ان کے مائیک بھی نہیں کھلنے دیئے۔ قرارداد پر خطاب میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ارکان نے عمران خان اور شیخ رشید کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق انہیں تاحیات نااہل قرار دینے اور ان کی سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ عمران خان قوم سے سرعام معافی مانگیں کیونکہ انہوں نے جلسہ عام میں پارلیمنٹ کو گالی دی ہے۔ عمران خان اور شیخ رشید کے پارلیمنٹ کے بارے میں ریمارکس قابل مذمت ہیں۔ پوری قوم اور منتخب نمائندوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ قرار داد کی محرک غزالہ سیال نے کہا کہ پارلیمنٹ کو گالی دینے والا پارلیمنٹ سے وزیر اعظم کیسے بنے گا۔قرار داد کے دوسرے محرک ڈاکٹر ظفر احمد خان کمالی نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید بدتمیز ہیں۔ دونوں کے بیانات ان کی جہالت کا ثبوت ہیں۔ صوبائی وزیر فیاض بٹ نے کہاکہ عمران خان رات کو کوکا کولا پی کر صبح میں الٹا سیدھا بولتے ہیں۔لگتا ہے ان کا دماغ خراب ہوگیا ہے۔انہیں علاج کی ضرورت ہے ۔ وزیر ورکس اینڈ سروسز امداد علی پتافی نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ ایسے لوگوں کو جوتے ماریں۔ عمران نے اپنی مرشد کا گھر تباہ کر دیا۔ایم کیو ایم کے رکن صابر قائم خانی نے کہا کہ پہلے پیر مرید کو لے جاتے تھے ، عمران اپنی پیرنی کو لے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن سید وقار حسین شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف ازخود نوٹس لے اور ان کی رکنیت ختم کرے۔ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہاکہ پارلیمنٹ سپریم اور بالادست ادارہ ہے۔ پارلیمنٹ کو گالی دینا اپنی ماں کو گالی دینے کے مترادف ہے۔ عمران خان اور شیخ رشید پارلیمنٹ چھوڑ کر کوئی اور کاروبار کریں۔اسپیکر آغا سراج درانی نے کہاکہ عمران خان اور شیخ رشید کی طرف سے پارلیمنٹ کی توہین پر بہت دکھ ہوا ہے ۔پیپلز پارٹی کے رکن تیمور تالپور نے کہا کہ میں سندھ اسمبلی کی طرف سے عمران خان پر لعنت بھیجتا ہوں۔