اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار)تھا نہ وارث خان کے علاقہ امر پورہ اور چاہ سلطان میں سٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں کے باعث علاقے کے مکین سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔ جمعرات کو انہوں نے مری روڈ پر پولیس کی نااہلی پر شدید احتجاج کیا۔تاجروں نے مری روڈ پر ٹائر رکھ کر آگ لگادی ، جس کے باعث ٹریفک جام ہوگئی ۔گذشتہ روز صدر انجمن تاجران میاں محمد آصف کی قیادت میں امرپورہ اور چاہ سلطان سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے تاجرتھانہ وارث خان پولیس کے خلاف نعرے لگاتے ہوئےاکٹھے ہوئے۔میاں آصف کاکہناتھاکہ ہمارے علاقے میں سٹریٹ کرائم کے دروان ہر دوسرا تاجر لٹ چکاہے ، سرشام ہی گلیوں اور سڑکوں پر موٹرسائیکل سواروں کے گینگ نکل آتے ہیں اورپھر شہریوں کو لوٹنے کا کام شروع ہوجاتاہے ، پولیس کوئی ایکشن نہیں لیتی ، تاجروں کے احتجاج کے باعث پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کیے اور پھر یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج ختم کردیا، احتجاج کے دوران تاجروں نے دکانین بھی بند رکھیں۔