سکھر (بیورو رپورٹ)شدید دھند کے باعث بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے 10 سے زائد یونٹ ٹرپ کرگئے جس سے سندھ، پنجاب و بلوچستان کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوکر رہ گئی۔ سکھر، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن،اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند پڑی، جس کے باعث بجلی کے نظام پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے اور گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے 5 سے لیکر 15تک 11یونٹ ٹرپ کرگئے اور مذکورہ یونٹس میں بجلی کی پیداوار صفر ہوگئی، جس کے باعث سندھ، پنجاب و بلوچستان کے مختلف علاقوں کشمور، کندھکوٹ، تنگوانی، جیکب آباد، شاکرپور، لاڑکانہ، بلوچستان کے جعفر آباد، نصیر آباد، بولان، پنجاب کے راجن پور، رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بعد ازاں سیپکو انتظامیہ کی جانب سے ٹرپ ہونیوالے یونٹس کو بحال کردیا گیا۔ دوسری جانب شدید دھند کے نتیجے میں قومی شاہراہ پر حد نگاہ انتہائی کم رہی جس کے باعث مسافر گاڑیوں کے ڈرائیورز نے حادثات سے بچنے کے لئے گاڑیاں چلانے سے گریز کیا، دھند کی وجہ سے مواصلات بالخصوص ریلوے کا نظام متاثر ہوا۔